بہت سے یوٹیوبر سمجھتے ہیں وہ کچھ بھی کریں پکڑ نہیں ہونی چاہیے: فواد چوہدری
(ڈیلی طالِب)
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے بہت سے یوٹیوبر سمجھتے ہیں کہ وہ کچھ بھی کریں لیکن ان کی پکڑ نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خبر دینے والوں کی ٹریننگ ہونی چاہیے کہ اصلی خبر کیا ہے اور جعلی خبر کیا ہے، خبریں پھیلانے کی ٹیکنالوجی بہت زیادہ ہو گئی ہیں، پہلے ادوار میں خبر ملنا مشکل تھا، اب جھوٹی سچی خبر کا فرق کرنا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے مینارپاکستان واقعے کے بعد پاکستانی معاشرے پر تنقید کی، بھارتی چینل پر بتایا گیا کہ پاکستان خواتین کے لیے کتنا غیرمحفوظ ہے، مینار پاکستان واقعہ کے بعد پاکستان کے خلاف دنیا میں غلط تاثر پھیلایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میں فیک نیوز پر اتنی بحث نہیں ہے جتنی ہونی چاہیے، بہت سے یوٹیوبر سمجھتے ہیں کہ وہ کچھ بھی کریں پکڑ نہیں ہونی چاہیے، اقوام متحدہ کو آزادی اظہار کے لیے رول آف گیم بنانے ہوں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا ایک ذمہ دار میڈیا ہی آزاد میڈیا ہوتا ہے، فیک نیوز کا حل میڈیا کے اندر سے ہی آنا چاہیے، فیک نیوز کو سمجھنا بہت ضروری ہے، خبر دینے کے لیے فیک نیوز اور مصدقہ نیوز کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا ہندوستان نے ویب نیوز کا ایک نیٹ ورک بنایا جو وہاں کے میڈیا سے منسلک ہے، ہندوستان کی ویب نیوز پاکستان کے خلاف جعلی خبریں بناتے ہیں، نور مقدم قتل کیس پر ایک بھارتی چینل نے 175 ویڈیوز لگائیں، ہم بہت قریب سے دیکھتے ہیں کہ خبر کو کہاں سے پش کیا جاتا ہے۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib