پاکستانیوں نے 2021 میں گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟
(ڈیلی طالِب)
انٹرنیٹ کے سرچ انجن گوگل نے2021 کے دوران پاکستان سے ہونے والی تلاش کی فہرست جاری کر دی ہے۔
گوگل کے مطابق 2020 کے مقابلے میں پاکستان سے 2021 کے دوران سرچ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گوگل کی فہرست میں سپورٹس، موویز، ڈراموں اور اینی میٹڈ فلموں کی وسیع کیٹگریز شامل ہیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں منفرد اور دلچسپ معلومات سامنے لائی ہیں۔
فہرست کے مطابق اس سال پاکستانی قوم کرکٹ کے جنون میں مبتلا رہی جس کے سب سے زیادہ نتائج گوگل پر دیکھنے کو ملے۔
2021 کی ٹاپ سرچز میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے ساتھ پاکستان کی کرکٹ سیریز شامل تھیں، جبکہ اس کے بعد آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اور پی ایس ایل سے متعلق ویڈیوز، تصاویر اور خبروں کو تلاش کیا گیا۔
اسی طرح ان کے بعد کی سرچ کی تفصیلات گوگل نے کچھ یوں جاری کی ہیں۔
پاکستان کے زمبابوے، انڈیا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والے میچز کے حوالے سے تلاش دوسرے نمبر پر رہی۔
پاکستان سے گوگل پر سرچ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں کرکٹر شعیب ملک پہلے نمبر پر رہے۔
جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آصف علی اور فخر زمان رہے۔
اسی طرح بعد کے نمبرز پر شاہین آفریدی، حسن علی، محمد رضوان، شاداب خان، عابد علی، دانش عزیز اور حارث رؤف رہے۔
گوگل کے مطابق اس سال شوبز سے متعلق مواد تلاش کرنے کے حوالے سے تلاش میں تنوع دیکھنے کو ملا ہے جو اقسام اور سٹائلز کے حوالے سے ہے۔
نیٹ فلیکس پر چلنے والی سیریز ’سکوئڈ گیمز‘ عالمی سطح پر ٹاپ پوزیشن میں رہی جبکہ پاکستان میں بھی اس کو بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔
اسی طرح ٹاپ موویز اور ٹیلی ویژن شوز کی فہرست میں پاکستانی ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ ہم ٹی وی کا مزاحیہ ڈرامہ ’چپکے چپکے‘ تیسرے نمبر پر رہا اسی طرح جی ٹی وی کا ڈرامہ ’ہر پل‘ اور ’رنگ محل‘ اگلے مرحلوں پر رہے۔
اسی طرح ان کے بعد کے نمبر پر رادھے، بگ باس، منی ہیسٹ، ارطغرل، بلیک وِڈو، ایٹرنلز اور کورلوس عثمان آئے ہیں۔