ایشز سیریز: انگلینڈ میچ اور آسٹریلوی لڑکی میدان میں دل ہار بیٹھی
(ڈیلی طالِب)
ایشز سیریز کے دوران انگلش ٹیم کے مداح نے اپنی آسٹریلوی گرل فرینڈ سے اسٹیڈیم میں ہی اظہارِ محبت کردیا۔
ایشز سیریز کے دوران جہاں انگلش کرکٹرز اور کینگروز کے درمیان میدان میں اعصاب کی جنگ جاری تھی وہیں تماشائیوں کے اسٹینڈ میں دونوں ٹیموں کے دو مداح ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کررہے تھے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کینگروز نے انگلش ٹیم کو ہرایا لیکن اسی میچ میں ایک آسٹریلوی دوشیزہ انگلش ٹیم کے مداح کے سامنے دل ہار بیٹھی۔
ایشز سیریز میں پہلے ٹیسٹ کے دوران انگلینڈ ٹیم کے مداح نے اپنی آسٹریلوی گرل فرینڈ سے دوران میچ ہی تماشائیوں کے سامنے محبت کا اظہار کیا اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اسے انگوٹھی پیش کرتے ہوئے تحفہ قبول کرنے کی درخواست کی۔
لڑکی نوجوان کے اس انداز کو فراموش نہ کرسکی اور خوشی سے نہال ہوتے ہوئے نوجوان کے اس محبت بھرے تحفے کو قبول کیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ دونوں نوجوان پہلی مرتبہ 2017 میں کرکٹ کے میدان میں ہی ملے تھے۔