خفیہ کیمرے تلاش کرنے کے پانچ طریقے
(ڈیلی طالِب)
پاکستان میں آئے روز سیاستدانوں کی مبینہ قابل اعتراض ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں۔ حالیہ دونوں میں پھر ایسی ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اس بات پر تبصرے ہو رہے ہیں کس طرح پوشیدہ مقامات پر لگے خفیہ کیمروں کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں مذہبی رہنماؤں، سیاسی اور سرکاری شخصیات کی ’لیک‘ ویڈیوز منظر عام پر آتی رہتی ہیں جس کے بعد ملک میں ان ویڈیوز کو بنانے اور انہیں لیک کرنے کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
حال ہی میں ایک ویڈیو کے ’لیک‘ ہونے کے بعد ایک پانچ ستارہ ہوٹل نے وضاحتی بیان دیا ہے جس میں کہا گیا کہ ان کی انتظامیہ نے ہوٹل رومز میں کوئی خفیہ کیمرہ نصب نہیں کیا کم از کم ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔
سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کی مبینہ قابل اعتراض ویڈیوز کے بعد اس بات پر تبصرے ہو رہے ہیں کس طرح پوشیدہ مقامات پر لگے خفیہ کیمروں کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔
خفیہ کیمرہ تلاش کرنے کے لیے یہاں پانچ انتہائی اہم اور مفید طریقے بتا رہے ہیں۔
موبائل فون کی فلیش لائٹ استعمال کریں
انتہائی چھوٹے کیمرے سمیت تمام لینس روشنی منعکس کرتے ہیں۔ اس لیے ایک پوشیدہ کیمرے کا لینس بھی روشنی منعکس کرے گا۔ لیکن آپ اسے کیسے چیک کریں گے؟
کمرے کو سکین کرنے کے لیے تمام لائٹس بند کریں اور اپنے سمارٹ فون کی ٹارچ آن کریں۔ اگر آپ کو کوئی کسی بھی مقام پر روشنی منعکس ہوتی نظر آتی ہے تو آپ اس کی گہری جانچ کر سکتے ہیں جس سے خفیہ کیمرے پکڑے جا سکتے ہیں۔
کمرے کا خود معائنہ کریں
کسی بھی ہوٹل میں کمرہ لیتے وقت اپنے مشاہدے کی مہارت کو بڑھائیں۔ آپ جائزہ لیں کہ کیا وہ کمرے میں رکھا لیمپ اپنی جگہ سے کچھ ہٹا ہوا ہے؟
یا اسی طرح روم الارم کی جگہ کچھ عجیب ہے؟ اگر آپ محسوس کریں کہ گیجٹ کمرے میں عجیب و غریب انداز میں رکھے گئے ہیں تو آپ کو زیادہ چوکس رہنا ہوگا۔
ہوٹلز کے کمروں اور باتھ رومز میں لگے سموگ ڈٹیکٹرز (آگ یا دھویں کا سراغ لگانے والے آلات) میں بھی خفیہ کیمرہ نصب ہو سکتا ہے اس لیے ان پر زیادہ توجہ دیں۔
اس کے علاوہ دیوار کی سجاوٹ، الیکٹرونک آؤٹ لیٹس، ٹشو بکس، وال ساکٹس، ڈیسک پلانٹس اور ایئر فلٹر کا سامان بھی چیک کریں۔
کیمرہ ڈٹیکٹر ڈیوائس ہمراہ رکھیں
اگر آپ ایک پیشہ ورانہ طور پر خفیہ کیمروں کا سراغ لگانے والا آلہ (کیمرہ ڈٹیکٹر ڈیوائس) خرید سکتے ہیں تو صرف ایما زون پر آر ایف سگنل ڈٹیکٹر تلاش کریں جہاں آپ کو اس کی ایک وسیع رینج ملے گی۔
بَگ ڈٹیکٹر سے کمرے کی چھان بین کریں۔ یہ چھپے ہوئے کیمرے کا پتہ لگانے کا ایک بہترین طریقہ ہوسکتا ہے خاص طور پر اگر آپ زیادہ تر ایسی جگہوں پر جاتے ہیں جہاں پر آپ کو ہوٹلز میں رکنا پڑتا ہو۔
کمرے میں کسی بھی مشکوک ڈیوائس کو ڈھانپ دیں
اگر آپ کو اپنے کمرے میں کوئی مشکوک ڈیوائس مل جاتی ہے اور آپ نہیں جانتے کہ وہ کس مقصد کے لیے لگائی گئی ہے یا ان کا کیا استعمال ہے تو سب سے بہتر یہی ہو گا ہے آپ اس ڈیوائس کو ان پلگ کریں اور اسے تولیہ سے ڈھانپ دیں۔ آپ اس ڈیوائس کو الماری میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
ریکارڈنگ ڈیوائس کو سکین کرنے کی ایپ
اگر کمرے میں چھپے ہوئے آلات کا کوئی نشان نہیں ملا اور پھر بھی آپ خود کو غیر آرام دہ محسوس کر رہے ہیں تو آپ ایک ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جو ریکارڈنگ ڈیوائس کو فریکوئنسی کا استعمال کرتے ہوئے سکین کرے گی۔
Detectify اور Radarbot ایسی ایپلیکیشنز میں سے ایک ہیں جنہیں آپ اینڈروئیڈ فون پر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ خفیہ کیمرہ تلاش کرنے کے لیے ان میں سے بہت سی ایپلی کیشنز مفت سروس فراہم کرتی ہیں۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib