73

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان: ’لائن کنگ‘ سے لے کر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے چھاپے تک

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان: ’لائن کنگ‘ سے لے کر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے چھاپے تک

(ڈیلی طالِب)

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پہلی بار اس وقت مشہور ہوئے جب ہالی وڈ فلم ’دی لائن کنگ‘ ریلیز ہوئی۔

آریان نے اس فلم کے ایک کردار کو آواز دی جبکہ فلم کے ہندی ورژن کے مرکزی کردار میں شاہ رخ خان کی آواز استعمال کی گئی۔

اس کے بعد سے آریان خان کی بالی وڈ میں آمد کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہونے لگیں تاہم ان کے والد شاہ رخ یا خود آریان کی طرف سے اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔

شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ کے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے۔ مداح اور میڈیا انھیں ’سپر سٹار‘ اور ’کنگ خان‘ جیسے القابات سے نوازتے ہیں۔

بالی وڈ کے کئی ڈائریکٹرز اور پروڈیوسر جو شاہ رخ خان کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں، 23 برس کے آریان خان کو بڑی سکرین پر لانچ کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔

ان میں سے ایک نام کرن جوہر کا بھی ہے۔ کرن جوہر نے ایک بار کہا تھا کہ ’اگر آریان خان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی ہے تو میں انھیں لانچ کرنا چاہوں گا۔‘

انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے چھاپے سے پہلے بھی کچھ ایسے مواقع ضرور آئے، جب آریان خان قومی میڈیا کی خبروں کی زینت بنے۔

چائلڈ آرٹسٹ

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ آریان کا بالی وڈ میں ڈیبیو تقریباً 20 سال پہلے ہوا تھا۔

انھوں نے سنہ 2001 میں کرن جوہر کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں شاہ رخ خان کے بچپن کا کردار ادا کیا۔

برسوں بعد وہ فلم ’دی لائن کنگ‘ کا حصہ بنے اور اس فلم کے ایک کردار کو آواز دی۔ جون فیوریو کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2019 میں ریلیز ہوئی اور اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔

فلم پروڈکشن کی پڑھائی

آریان خان ’یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا‘ کے گریجویٹ ہیں۔ انھوں نے ’سکول آف سنیماٹک آرٹس‘ سے فائن آرٹس، سینما آرٹس، فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آریان سکرین پر کام کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ پردے کے پیچھے رہنا چاہتے ہیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ کیمرے کو سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

شاہ رخ کبھی کبھار سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں لیکن اپنی بیٹی سوہانہ اور چھوٹے بیٹے ابرام کے مقابلے انھوں نے شاذ و نادر ہی آریان کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

شاہ رخ خان نے ایک بار آریان خان کے بارے میں بتایا تھا کہ ’جہاں ابرام کو تصویریں کھچوانے کا شوق ہے وہیں آریان کو فوٹو کھچوانا بالکل پسند نہیں۔‘

بالی وڈ میں کئی ستاروں کے بچے فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے ہی سوشل میڈیا سٹار بن رہے ہیں لیکن آریان خان سوشل میڈیا سے دور ہی رہتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک بھی نہیں لیکن اس کے باوجود انسٹاگرام پر ان کے 15 لاکھ فالوورز ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آریان خان اپنی فٹنس کا بہت دھیان رکھتے ہیں۔ انھوں نے مارشل آرٹس کی تربیت بھی حاصل کر رکھی ہے اور سنہ 2010 میں انھوں نے مہاراشٹر تائیکوانڈو ٹورنامنٹ میں تمغہ بھی جیتا تھا۔

ان کے پاس بلیک بیلٹ بھی ہے اور وہ فٹبال میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

شاہ رخ نے آریان کے بارے میں کیا بتایا؟

میڈیا اور مداح شاہ رخ سے آریان کے بارے میں کئی بار سوالات کر چکے ہیں خاص طور پر بالی وڈ میں ان کے کیریئر کے بارے میں۔

شاہ رخ خان نے اس بارے میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’آریان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں۔ اسے فلمیں بنانے کا شوق ہے۔ اس نے اپنی پسند سے امریکہ میں فلم پروڈکشن کی پڑھائی کی۔‘

شاہ رخ خان کے مطابق ’میں نے اسے کبھی نہیں کہا کہ تم یہ پڑھائی کرو۔ یہ ایک اتفاق ہے کہ مجھے بھی فلموں میں اداکاری کا شوق نہیں تھا۔ مجھے بھی فلمیں بنانے کا شوق تھا اور اسی لیے میں نے ماس کمیونیکیشن کی ڈگری حاصل کی تھی۔ آریان نے اپنے کالج کے لیے مختصر دورانیے کی فلمیں بنائیں۔ اسے سوچنا ہو گا کہ وہ کیا کرنا چاہتا ہے۔‘

شاہ رخ خان نے مزید کہا تھا کہ ’وہ مجھ سے کبھی کوئی مدد نہیں لیتا اور نہ ہی وہ کچھ پوچھتا ہے۔ وہ خود سب کچھ سیکھ رہا ہے۔ وہ مجھے اپنا کام دکھاتا ہے اور میں اسے پسند بھی کرتا ہوں۔ میں نے آج تک اس سے نہیں پوچھا کہ وہ اداکار بننا چاہتا ہے یا نہیں؟ اس کی نانی اور اس کی ماں نے ضرور پوچھا ہو گا لیکن میں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔‘

ارباز مرچنٹ کون ہیں؟

ارباز مرچنٹ ان تین لوگوں میں شامل ہیں جنھیں انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان سمیت ممبئی میں کروز پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ممبئی کی فورٹ کورٹ نے انھیں سات اکتوبر تک این سی بی کے ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا۔

اطلاعات کے مطابق ارباز سیٹھ مرچنٹ شاہ رخ کی بیٹی سوہانہ کے قریبی دوست ہیں۔

سوہانہ اور آریان کے علاوہ کئی دوسرے ستاروں کے بچے بھی ارباز کو سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں۔

چنکی پانڈے کی بیٹی انانیا پانڈے، عرفان خان کا بیٹا بابل اور کئی دوسرے بالی وڈ اداکاروں کے بچے بھی ارباز مرچنٹ کو سوشل میڈیا پر فالو کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں