54

جادو ٹونے سے تقرریاں ہوں گی، تماشا تو بنے گا۔مریم نواز

جادو ٹونے سے تقرریاں ہوں گی، تماشا تو بنے گا۔مریم نواز

(ڈیلی طالِب)

اسلام آباد:مریم نواز نے کہا ہے کہ مقدمات، گرفتاری اور جیل جانے سے نہیں ڈرتی، ضمانت منسوخ کریں، گرفتار کریں تاکہ دنیا کو پتا چلے آپ کتنا ڈرتے ہیں؟ عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں، آپ کا اصول اور جمہوریت سے کوئی واسطہ نہیں، یہ ملک جادو ٹونے سے چلا رہے ہیں، جب جادو ٹونے سے تقرریاں ہوں گی، تماشا تو بنے گا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نوازنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کو پڑھ کر لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں، درخواست دینے والا اتنا سپر انٹیلی جنٹ کون ہے، نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے، اس درخواست گزار کا چہرہ قوم کو دکھایا جائے، میں نیب میں اپنے اس ہمدرد کو دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے کو21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ نیب سے، مجھے گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں، عمران خان آئینی وزیراعظم ہیں نہ منتخب، وہ سلیکٹڈ ہیں، عمران خان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں، عمران خان جادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، جنتر منتر سے پٹرول اور آٹا سستا کیوں نہیں کرتے ؟ کیا آپ نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے؟۔

لیگی رہنما نے کہاکہ وزیراعظم آئین کی بجائے جادو ٹونہ اور حساب کتاب سے ملک چلا رہے ہیں، جب ملک کی اہم تقرریاں جادوٹونے اور جنات کرتے ہوں تو پھر اس ملک کےاداروں کا تماشا ہی بنے گا، سمجھ نہیں آتا کہ اگر ان کا جنتر منتر کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کیلئے استعمال کیوں نہیں ہوتا، جنترمنترسےآٹاپٹرول ادویات سستی کیوں نہیں ہوتیں، وہ صرف اہم تقرریوں کیلئے کیوں استعمال ہوتا ہے، کیوں کہ نئی تقرری ملک کا نہیں اپنی ذات کو بچانے کا مسئلہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا ہے، عمران خان آئین کو روند کر آئے ہیں، سازش کرنا عمران خان کی پہچان ہے، ن لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کیخلاف ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر جیل کاٹنی پڑتی ہے، جلا وطن ہونا پڑتا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر اٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے، نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیرکی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی تعریف منتخب حکومت کیخلاف سازش کرنا، 126 دن کا دھرنا دینا اور عوام کا مینڈیٹ چھیننا ہے، ان کا جمہوریت اور جمہوری جدوجہد سے کوئی واسطہ نہیں، آپ کوعوام کے ووٹ کو کچلنے کا جواب دینا ہوگا، پاکستان کو تاریخی قرضوں کے بوجھ تلے دبانے کاجواب دینا پڑے گا۔

قبل ازیں ایون فیلڈ ریفرنس کیس پر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچیں جس کے بعد پولیس نے مریم نواز کو میڈیا سے زیادہ بات کرنے سے روک دیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سوال صحافی کرتے ہیں تو نیب کہتا ہے کہ ان کی ضمانت منسوخ کردیں۔ ، دیکھنا چاہتی ہوں نیب میں میرا ہمدرد کون ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کہتی ہے میں یہاں آکر سلام کیوں کرتی ہوں، سوال آپ کرتے ہیں اور نیب میرے بارے کہتی ہے ضمانت منسوخ کردیں،ضمانت منسوخی درخواست کامعاملہ عدالت طے کرے گی کہ اس پر کیا کرنا ہے۔

نیب کی جانب سے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں 39 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ مریم نواز بریت کی اہل نہیں سپریم کورٹ نے انہیں خاتون ہونے پر ریلیف دیا ہے۔ مریم نواز نے ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔

نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو سات سال قید اور دو ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی۔ مریم نواز کو کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں