سونے سے پہلے گانے سننے سے نیند برباد ہوجاتی ہے، تحقیق
(ڈیلی طالِب)
آسٹن: امریکی ماہرین نے 249 رضاکاروں پر دو الگ الگ مطالعات سے ثابت کیا ہے کہ جو لوگ سونے سے پہلے گانے اور موسیقی سنتے ہیں انہیں ٹھیک سے نیند نہیں آتی۔
عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ سونے سے کچھ دیر پہلے مدھر موسیقی اور نغمے سن لیے جائیں تو اچھی اور پرسکون نیند آتی ہے لیکن اس تحقیق سے سامنے آنے والے نتائج اس خیال کے بالکل برعکس ہیں۔
بیلر یونیورسٹی، ٹیکساس کے ڈاکٹر مائیکل اسکیولن اور ان کے ساتھیوں نے پہلے مطالعے میں 199 رضاکار بھرتی کیے جن کی اوسط عمر تقریباً 36 سال تھی۔ دوسرے مطالعے میں 50 رضاکار شامل ہوئے جن کی اوسط عمر 21 سال کے لگ بھگ تھی۔
دونوں مطالعات میں رضاکاروں کو سونے سے کچھ دیر پہلے ان کے پسندیدہ گانے اور دھنیں سننے کےلیے کہا گیا، جس کے بعد ان میں نیند کے دوران دماغی سرگرمیوں اور نیند کی کیفیت کا جائزہ لیا گیا۔
گانے اور دھنیں سن کر سونے والے رضاکاروں میں سے اکثر کا کہنا تھا کہ جاگنے کے بعد انہیں یوں لگا جیسے وہ گہری نیند نہ سوئے ہوں۔
بعض رضاکاروں نے یہاں تک بتایا کہ جو موسیقی انہوں نے سونے سے کچھ دیر پہلے سنی تھی، وہ سوتے دوران بھی انہیں اپنے کانوں میں گونجتی محسوس ہوئی جس سے ان کی نیند متاثر ہوئی اور آنکھ کھل گئی۔
ڈاکٹر اسکیولن نے اعتراف کیا ہے کہ یہ نتائج عام خیالات کے بالکل برعکس ہیں جنہیں مزید کھنگالنے کی ضرورت ہے۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib