ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2021: بابر اعظم اور محمد رضوان کے ریکارڈز جو انھیں حریف ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں پر حاوی کرتے ہیں
(ڈیلی طالِب)
ستر کی دہائی میں انڈین سنیما کی سپر ہٹ فلم ’شعلے‘ کے مشہور ڈائیلاگ آج بھی لوگ نہیں بھولے ہیں۔
’کتنے آدمی تھے؟‘
’سردار، دو آدمی تھے‘
’وہ دو تھے اور تم تین پھر بھی واپس آ گئے خالی ہاتھ ۔۔۔۔۔‘
آج کل بہت سے کرکٹ شائقین کو یہ مکالمے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں بابراعظم اور محمد رضوان کو بیٹنگ کرتا دیکھ کر بار بار یاد آ جاتے ہیں جو تین یا چار پر نہیں بلکہ حریف ٹیموں کے 11 کھلاڑیوں پر بھاری نظر آتے ہیں۔
بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی جب سے بنی ہے اس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نہ صرف پاکستانی ٹیم کا روپ تبدیل کر دیا ہے بلکہ یہ دونوں بلے باز انفرادی اور اجتماعی طور پر ایک کے بعد ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کرتے جا رہے ہیں۔
چھٹی بار عالمی رینکنگ میں نمبر ایک
بابراعظم نے بدھ کے روز آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس کی وجہ افغانستان اور نمیبیا کے خلاف لگاتار میچوں میں ان کی نصف سنچریاں ہیں۔
بابراعظم نے انگلینڈ کے ڈاوڈ ملان کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جو گذشتہ سال 29 نومبر سے عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر چلے آ رہے تھے لیکن اب بابراعظم ان سے 36 پوائنٹس آ گے ہو گئے ہیں۔
یہ چھٹا موقع ہے کہ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ وہ پہلی بار 28 جنوری 2018 کو عالمی نمبر ایک بنے تھے۔ بابراعظم نہ صرف ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں بلکہ وہ اس وقت ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر ہیں۔
کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز
پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی اپنے ساتھی کپتان سے کسی طور پیچھے نظر نہیں آتے۔ وہ اس سال کیلنڈر ایئر میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ 951 رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔
ان سے قبل ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ کا تھا جنھوں نے 2019 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 748رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان ایک اور عالمی ریکارڈ کے بہت قریب ہیں اور وہ ریکارڈ ایک کیلنڈر سال میں مجموعی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ہے۔ ان ٹی ٹوئنٹی میچوں میں انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور لیگ میچز شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے سنہ 2015 میں کھیلے گئے 36 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مجموعی طور پر 1665رنز بنائے تھے جن میں تین سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل تھیں۔
محمد رضوان رواں برس اب تک 40 میچوں میں مجموعی طور پر 1661 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک سنچری اور 15 نصف سنچریاں شامل ہیں اس طرح انھیں کرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف پانچ رنز درکار ہیں۔
اس سال بابراعظم نے تمام ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اب تک 1561 رنز بنائے ہیں اس طرح وہ بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کی دوڑ میں شامل ہیں۔
کپتان کے سب سے زیادہ رنز
بابراعظم اس سال تمام ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کپتان بن سکتے ہیں۔ وہ اب تک 937 رنز بنا چکے ہیں۔ ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے کپتانوں میں نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن سنہ 2018 میں 986 رنز اور وراٹ کوہلی سنہ 2016 میں 973 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔
سب سے زیادہ سنچری پارٹنرشپ
بابراعظم اور محمد رضوان کی انفرادی کارکردگی اپنی جگہ اہم لیکن دونوں کی رفاقت نے بھی حریف ٹیموں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ یہ دونوں بیٹسمین اب تک پانچ سنچری پارٹنرشپ قائم کر چکے ہیں جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی جوڑی کی سب سے زیادہ سنچری شراکتیں ہیں۔
بابر اور رضوان کی ان سنچری پارٹنرشپ میں سے چار پہلی وکٹ کے لیے ہیں جبکہ ایک سنچری پارٹنرشپ انھوں نے دوسری وکٹ کے لیے قائم کی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان دونوں نے یہ تمام پانچوں سنچری شراکتیں اسی سال قائم کی ہیں جن میں سے دو ان دنوں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنی ہیں۔
انڈیا کے روہت شرما اور لوکیش راہول، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اور مارٹن گپٹل اور انڈیا کے روہت شرما اور شکھر دھون یہ وہ تین جوڑیاں ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار چار سنچری پاٹنرشپ بنائی ہیں۔
جب رضوان اوپنر بنے
محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 15 اننگز کھیلنے کے بعد پہلی بار گذشتہ سال نیوزی لینڈ کے دورے میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اوپنر کے طور پر آزمائے گئے لیکن بابراعظم انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے اس سیریز میں موجود نہیں تھے۔
ان دونوں نے پہلی بار رواں برس فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک ساتھ اوپننگ کی لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد رضوان سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے البتہ بابراعظم میچ کی دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے۔
دونوں کے درمیان پہلی سنچری پارٹنرشپ اس سال 14 اپریل کو جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں قائم ہوئی تھی جہاں انھوں نے پہلی وکٹ کے لیے 197رنز کا اضافہ کیا۔
اس اننگز میں رضوان نے آؤٹ ہوئے بغیر73 رنز بنائے تھے جبکہ بابراعظم نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
کپتان کی سب سے زیادہ نصف سنچریاں
ریکارڈ بک میں ایک اور ریکارڈ بابراعظم کے نام کے آگے درج ہو چکا ہے اور وہ ہے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل میچوں میں کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنا۔
بابراعظم اس معاملے میں انڈیا کے وراٹ کوہلی سے آگے نکل گئے ہیں انھوں نے نمیبیا کے خلاف 70 رنز کی اننگز کھیلی جو کپتان کی حیثیت سے ان کی 14 ویں نصف سنچری تھی۔ وراٹ کوہلی کپتان کی حیثیت سے 13 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib