59

طالبان کا خواتین ملازمین کو گھروں میں رہنے کا حکم.

طالبان کا خواتین ملازمین کو گھروں میں رہنے کا حکم.

(ڈیلی طالِب)

افغانستان کابل کے عبوری میئر حمد اللہ نعمانی نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نئی حکومت نے شہر کی کئی خواتین ملازمین کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے۔

حمد اللہ نعمانی کے مطابق صرف ان خواتین کو ملازمت پر جانے کی اجازت دی گئی ہے جن کے کام مرد ملازمین انجام نہیں دے سکتے۔

عبوری میئر کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹ دی گئی ملازمیتوں میں ڈیزائننگ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں ہنر مند کارکنوں کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے قائم عوامی بیت الخلاؤں کی خاتون اٹینڈینٹس بھی شامل ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عبوری میئر کابل کے بیان سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ طالبان رواداری اور خواتین کی شمولیت کے ابتدائی وعدوں کے باوجود عوامی زندگی میں ان پر پابندیوں سمیت اسلام کے قوانین نافذ کر رہے ہیں۔

1990 کی دہائی میں اپنے پہلے دورہ اقتدار کے دوران طالبان نے لڑکیوں اور خواتین کو سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے اور ملازمتوں پر جانے سے روک دیا تھا۔

عبوری میئر کا کہنا ہے کہ کابل کے بلدیاتی محکموں میں خواتین ملازمین کے بارے میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا تاہم وہ اس دوران اپنی تنخواہیں لے سکیں گی۔

حمد اللہ نعمانی نے بتایا کہ گذشتہ ماہ طالبان کے افغانستان پر قبضے سے پہلے کابل کے بلدیاتی اداروں میں تقریبا تین ہزار ملازمین میں سے ایک تہائی تعداد خواتین کی تھی۔

اس سے قبل افغان طالبان کی نئی حکومت میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کہا تھا کہ خواتین پوسٹ گریجویٹ لیول سمیت یونیورسٹیوں میں اپنی پڑھائی جاری رکھ سکتی ہیں لیکن اس کے لیے مخصوص کلاس رومز اور اسلامی لباس میں ہونا لازمی ہوگا۔

طالبان کابینہ میں اعلیٰ تعلیم کے وزیر عبدالباقی حقانی نے گذشتہ اتوار کو ایک نیوز کانفرنس میں نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

دنیا اس بار طالبان کے طرز حکمرانی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے کہ وہ 1990 کی دہائی کے آخر میں اپنے پہلے دور اقتدار سے کس حد تک مختلف کام کر سکتے ہیں۔ گذشتہ دور میں خواتین کو ملازمت اور تعلیم کے مواقع سے محروم اور عوامی زندگی سے مکمل طور پر خارج کر دیا گیا تھا۔

طالبان نے اب دعویٰ کیا ہے کہ وہ خواتین کے تئیں اپنے رویوں میں تبدیلی لائے ہیں تاہم انہوں نے حالیہ دنوں میں مساوی حقوق کا مطالبہ کرنے والی خواتین مظاہرین کے خلاف تشدد کا استعمال بھی کیا ہے۔

اس کے علاوہ طالبان نے خواتین کے امور کی وزارت کو وزارتِ ‘امر بالمعروف اونہی عن المنکر’ سے تبدیل کر دیا ہے۔

خواتین کے حوالے سے یہ تازہ پیش رفت طالبان کی جانب سے افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے صرف ایک ماہ بعد سامنے آئی ہیں جنہوں نے اقتدار میں واپس آتے ہی خواتین کے حقوق کو محدود کر دیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں