اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے: فواد چوہدری
(ڈٰیلی طالِب)
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا ہائبرڈ وار کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت ہے جو آپ کو ادا کرنی پڑتی ہے لہٰذا سر اونچا رکھنا ہے تو اس کی قیمت بھی ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایک سے 22 گریڈ کے افسران کے ہاؤس سیلنگ رینٹ میں 44 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جارہاہے، کراچی سے تاشقند تک براستہ مزارشریف ٹرین چلانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایرانی، ترکش، کینیڈین فلموں کو سنیما میں چلانے کی اجازت دے رہے ہیں جب کہ کورونا کیسز میں کمی ہورہی ہے، ہم چاہتے ہیں سنیما گھروں کو کھولا جائے، اس حوالے سے این سی او سی سے بات چل رہی ہے، سنیما کو بجلی اور ٹیکسز میں رعایت دے رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ساتویں مردم شماری کی منظوری کےمراحل چل رہےہیں، 18 ماہ میں نئی مردم شماری مکمل ہوگی، اگلا الیکشن نئی حلقہ بندی اور نئی مردم شماری کے تحت ہونا ہے جب کہ الیکشن میں اصلاحات کے لیے آگے بڑھنا ہے، الیکشن سے پہلے الیکشن اصلاحات کرانی پڑیں گی، اپوزیشن کو بیٹھنے کا کہہ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور کابینہ میں مہنگائی کے معاملے پر سنجیدہ گفتگو ہوئی جب کہ امپورٹ کرنے والے ممالک میں پاکستان میں پیٹرول کی قیمت سب سےکم ہے، غریب لوگوں کے لیے سبسڈی پروگرام لارہے ہیں، تنخواہ دارطبقےکو مشکلات کا سامنا ہے ان کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا ہائبرڈ وار کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اگر آپ ایبسلیوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت ہے جو آپ کو ادا کرنی پڑتی ہے، سر اونچا رکھنا ہے تو اس کی قیمت بھی ہے۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib