ھانی منی ــــــ ماتیں وطن
(ڈیلی طالِب)
ایک جواں سال لڑکی جو اس قدر بیمار تھی کہ موت بس چند قدموں کے فاصلے پر تھا ـ وہ کمالِ مہارت سے بسترِ مرگ سے اٹھی اور احتجاجی مظاہرے میں پرجوش شرکت کی ـ احتجاج کے دوران انہیں الہام ہوا فورسز تشدد کا ارادہ باندھ رہے ہیں انہوں نے فورسز کو مشقت سے بچانے کے لئے دوبارہ بسترِ مرگ کی راہ لی ـ پھر بڑے آرام سے بستر پر لیٹ کر مر گئی ـ
درج بالا اسکرپٹ اس قدر گھٹیا اور قابلِ نفرت ہے کہ بی گریڈ ہندی فلمیں بنانے والے رائٹر بھی کان پکڑ لیں ـ ہمارے طلبا اس وقت بدترین دباؤ کا شکار ہیں ـ جبری گمشدگی کا خطرہ ، سی ٹی ڈی کے ہاتھوں دہشت گرد قرار پاکر موت ، حتی کہ والدین تک کو خوف ناک نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں ـ ایسے میں کسی طالب علم کا ویڈیو کے سامنے ھانی بلوچ کے قتل کی تردید اور طبعی موت کا اعلان حیرت انگیز نہیں ہونا چاہیے ـ
حیرت ان سیاسی کارکنوں پر ہے جنہوں نے بدترین دباؤ سہنے والے طلبا کی مجبوریوں کا ادراک نہ کیا اور دو مختلف لیکن غلط ردعمل کا شکار ہوگئے ـ کسی نے اورنگزیب اور ظریف بلوچ کو “غداری” کے سرٹیفکٹ دیے تو کوئی ان کے بیان کو سچ سمجھ کر ریاستی بربریت کو کلین چٹ دینے لگا ـ
یہ بلوچستان ہے پیارے ـ یہاں حیات بلوچ اور تاج بی بی دن دیہاڑے قتل ہوجائیں تو کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ـ دوسری جانب گوادر میں جناح کا مجسمہ تباہ ہوجائے تو ہر دوسرے بلوچ نظر آنے والے پاکستانی وزیر کے منہ میں بواسیر ہوجاتا ہے ـ
کیا ھانی بلوچ کا قتل کوئی انوکھا واقعہ ہے؟ ـ بلیدہ میں مہگونگ بلوچ کا قتل ہم بھول گئے؟ ملک ناز بلوچ اور کلثوم بلوچ کا قتل تو کل کی بات ہے ـ کولواہ کی وہ حرماں نصیب خواتین جنہیں جنسی زیادتی کے عذاب سے گزرنا پڑا ـ بانک کریمہ بلوچ کا قتل پھر ان کی میت کی تذلیل ـ ہماری ماں بہنوں کا تربت سے تمپ تک آبلہ پا چلنا ـ ماہ رنگ بلوچ کے سر سے دوپٹہ کھینچ کر اور بالوں سے پکڑ کر گرفتار کرنا ـ ایسے انگنت سانحات ہوچکے ہیں اور ہوتے رہیں گے ـ
ھانی بلوچ کا قتل اب ہماری تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ـ ہماری ھانی ایک دفعہ پھر وقت کے مغرور و طاقت ور سردار چاکر خان سے اپنے شے مرید (بلوچ وطن) کے لئے لڑ رہی ہے ـ ھانی مزاحمت ہے، نسوانی مزاحمت کا شاندار استعارہ ـ خدارا! کسی پروپیگنڈے کا شکار ہوکر ھانی سے اس کی مزاحمتی شناخت نہ چھینیے ـ
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib