46

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی پہلی فتح: ’مطلب ہم اندھے ہیں‘

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی پہلی فتح: ’مطلب ہم اندھے ہیں‘

(ڈیلی طالِب)

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت آخرکار اپنی پہلح فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو ہی گیا جب اس نے ٹورنامنٹ میں اپنے تیسرے میں افغانستان کو 66 رنز سے شکست دی۔

اس سے قبل بھارت اپنے ابتدائی میچوں میں پہلے پاکستان اور پھر نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کر چکا ہے اور اس کے لیے ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے یہ اور آنے والے دیگر دونوں میچ جیتنے ضروری تھے۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت اور افغانستان دونوں ہی بالکل مختلف ٹیمیں دکھائی دیں۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 210 رنز سکور کیے جس میں ابتدائی دونوں میچوں میں فلاپ ہونے والے روہت شرما اور کے ایل راہل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

دوسری طرف ٹورنامنٹ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے والی افغان ٹیم بالکل ہی بے بس دکھائی دی۔ مجیب الرحمان ٹیم میں شامل نہیں تھے، محمد نبی نے صرف ایک اوور ہی کرایا جبکہ راشد خان نے چار اوورز میں 36 رنز دے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔

بعد میں افغانستان کے دونوں ہی اوپنر 13 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس طرح افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بنا سکی۔

اس میچ کے بعد صورتحال یہ ہے کہ دوسرے گروپ سے پاکستان پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ افغانستان اور نیوزی لینڈ کے چار، چار پوائنٹس ہیں جبکہ بھارت کے دو پوائنٹس ہیں۔ اب اگر افغانستان نیوزی لینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو جاتا اور بھارت اپنے دیگر دو میچز بڑے مارجن سے جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے تو بات رن ریٹ پر آجائے گی۔

سوشل میڈیا پر بھی اس میچ کے حوالے سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں جن میں سے زیادہ تر تو بیان نہیں کیے جا سکتے تاہم بعض صارفین کی جانب سے کچھ سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ جیسا کہ محمد نبی کا صرف ایک اوور کرانا، اور فیلڈنگ، وغیرہ غیرہ۔۔۔۔۔۔

صحافی ثنا آصف ڈار کا کہنا تھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی میں آج پہلی بار لگا کہ واقعی یہ انڈیا کی ٹیم کھیل رہی ہے۔‘

محمد شہباز شریف نے لکھا: ’انڈیا تم جیتو یا ہارو۔۔۔ سنو تم ورلڈ کپ سے باہر ہو۔ ویسے مبارک ہو پہلی فتح۔‘

ایک صارف نے افغان کھلاڑی کی فیلڈنگ کے دوران کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’مطلب ہم اندھے ہیں۔‘

ایک بھارتی ٹیم کے فین نے لکھا: ’آخرکار ہم میچ جیت گئے۔ لوو یو ٹیم انڈیا۔‘

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے گروپ میں اب بھارت نے اپنے اگلے میچز نمیبیا اور سکاٹ لینڈ جبکہ افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں