57

62 انچ اونچی الٹی قلابازی کھانے والا نوجوان عالمی ریکارڈ کا دعویدار

62 انچ اونچی الٹی قلابازی کھانے والا نوجوان عالمی ریکارڈ کا دعویدار

(ڈیلی طالِب)

مشی گن: امریکی نوجوان ٹرے کولنز نے 62 انچ بلند الٹی قلابازی کھا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعوی کیا ہے لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ نے یہ دعوی تسلیم کرنے کےلیے وقت مانگ لیا ہے۔

خبروں کے مطابق ہاپکنز، مشی گن کے 20 سالہ رہائشی ٹرے کولنز نے گزشتہ ہفتے 62 انچ (5 فٹ 2 اِنچ) اونچی الٹی چھلانگ (بیک فلپ) لگانے کا دعوی کرتے ہوئے اس کے تمام ثبوت، وہاں موجود دو گواہوں کے دستخطوں سمیت، گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بھیج دیئے۔

البتہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں اس دعوے کی تصدیق کرنے میں 12 ہفتے لگ جائیں گے۔

کولنز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پچھلے سال ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سے اس کی نظریں الٹی چھلانگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر تھیں کیونکہ وہ اپنے اسکول کے باسکٹ بال کورٹ میں سب سے اونچی چھلانگیں لگانے کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔

بلند ترین الٹی چھلانگ/ الٹی قلابازی کا عالمی ریکارڈ 58 انچ ہے جو اولمپک جمناسٹ ٹائسن ایڈورڈز نے 2014 میں قائم کیا تھا۔

یہ ریکارڈ توڑنے کےلیے کولنز نے ایک سال تک دن رات محنت کی اور اپنی ہر کوشش کی پانچ الگ الگ زاویوں سے فلم بندی بھی کی، تاکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی شرائط پوری کرسکے۔

کولنز چاہتا تھا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے خود آکر اس کی کوششیں اپنی آنکھوں سے دیکھیں مگر انہوں نے جواب دیا کہ اگر وہ ایسا چاہتا ہے تو اسے ادارے کے نمائندگان کے سفر اور ہوٹل میں رہائش کا خرچہ اپنی جیب سے ادا کرنا ہوگا۔

’’میں اتنے زیادہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتا تھا لہذا میں نے ویڈیو ریکارڈنگ سے متعلق ان کی ہدایات (گائیڈ لائنز) پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا،‘‘ کولنز نے مقامی رپورٹر کو بتایا۔

اپنی آخری کوشش میں وہ 62 انچ اونچائی پر نصب عمودی سلاخ (بار) کو الٹی چھلانگ لگا کر، بغیر چھوئے، عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ یہ پورا منظر گنیز ورلڈ ریکارڈ کے تقاضوں کے مطابق پانچ الگ الگ زاویں سے فلمایا گیا:
کولنز نے یہ ساری ریکارڈنگ گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بھیج دی ہے تاکہ وہ بھی اس کی تصدیق کرسکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں