جیک ڈورسی ٹوئٹر کی سربراہی سے مستعفی
(ڈیلی طالِب)
ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا نیٹ ورک کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’میں نے ٹویٹر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ مجھے یقین ہے کہ ادارہ اپنے بانیوں سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔‘
جیک ڈورسی ادائیگیوں کی کمپنی اسکوائر کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں۔ 2020 میں وہ ان خدشات کی وجہ سے ’ایلیٹ مینجمنٹ‘ کے دباؤ میں آگئے تھے کہ انہوں نے دونوں اداروں کو چلا کر خود کو بہت کمزور کر لیا ہے۔
ٹویٹر کا کہنا ہے کہ اس کے چیف ٹیکنیکل آفیسر پیراگ اگروال ڈورسی کی جگہ ٹاپ پوسٹ پر ہوں گے۔
جیک ڈورسی کے مطابق: ’ٹوئٹر کے سی ای او کے طور پر پیراگ پر میرا مکمل بھروسہ ہے، یہ ان کے قیادت کرنے کا وقت ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈورسی 2022 میں سٹیک ہولڈرز کے اجلاس تک اپنی مدت بطور بورڈ ممبر مکمل کریں گے۔
ٹوئٹر نے مارچ 2020 میں اپنے سربراہ کو ہٹانے کی کوششوں کے خاتمے کے لیے کلیدی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ادارے کی قیادت پر نظر رکھنے کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایک نئی کمیٹی بنائی گئی تھی۔
سلیکون ویلی کی کئی مشہور شخصیات کی طرح، مارک زکربرگ اور اسٹیو جابز سے لے کر بل گیٹس یا مائیکل ڈیل تک، ڈورسی نے بھی تعلیم کالج تک ہی جاری رکھی تھی اور کسی بھی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل نہیں ہوئے جس میں انہوں نے داخلہ لیا۔
ڈورسی کے سر ٹوئٹر کا خیال پیش کرنے کا سہرا باندھا جاتا ہے جب شریک بانی ایون ولیمز نے بلاگنگ اسٹارٹ اپ ’اوڈیو‘ کے کارکنان کو روز مرہ کے معمولات کے دوران دل بھلانے کے طریقے کے طور پر نئے تفریحی منصوبوں پر کام کرنے کے لیے دو ہفتے دیے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق انہوں نے 2007 سے 2008 تک ٹوئٹر چلایا لیکن وہ بطور سربراہ اس وقت واپس آئے جب ڈک کوستولو نے جون 2015 میں استعفی دیا تھا۔
ٹویٹر کے نئے سی ای او اگروال نے 2011 میں ادارے میں شمولیت اختیار کی اور اکتوبر 2017 سے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جہاں وہ نیٹ ورک کی تکنیکی حکمت عملی کے ذمہ دار ہیں۔
اگروال نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی اور بمبئی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
نیسڈیک نے ’زیر التوا خبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کو ٹوئٹر کی تجارت کو مختصر طور پر معطل کر دیا تھا لیکن اعلان کے بعد شیئرز 4.5 فیصد بڑھ گئے۔
- About the Author
- Latest Posts
Ghufran Karamat is a Senior Columunts who work With Daily talib