شعیب اختر سے بدسلوکی، گورنر سندھ کا سرکاری ٹی وی کے میزبان سے معافی کا مطالبہ
(ڈیلی طالِب)
پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے ساتھ سرکاری ٹی وی پر ہونے والے بدتمیزی کے معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی میدان میں آ گئے ہیں۔
دو روز قبل سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے لائیو شو کے دوران ویون رچرڈز اور ڈیوڈ گاور کی موجودگی میں شعیب اختر کو شو چھوڑ جانے کا کہا۔
شعیب اختر نے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی لیکن جب بات نہ بنی تو انہوں نے شو کو چھوڑنے اور سرکاری ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
سابق اسپیڈ اسٹار کے ساتھ پیش آنے والے معاملے پر قومی کرکٹرز اور شوبز شخصیات سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے نوٹس لینے کے بعد پی ٹی وی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی۔
اب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی سوشل میڈیا پر ڈاکٹر نعمان نیاز کی جانب سے شعیب اختر کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔
عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے اور اگر کسی قسم کا ذاتی مسئلہ ہے تو سرکاری ٹی وی پر اسے ایک طرف رکھ دینا چاہیے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمارے اسپیڈ اسٹار سے غیر مشروط معافی ضرروی ہے۔