خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری
(ڈیلی طالِب)
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت بڑھا دیا۔
الیشکن کمیشن خیبر پختونخوا کے مطابق امیدوار اب 10 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے اور کاغذات کی جانچ پڑتال 12سے 14نومبر تک ہو گی۔
الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات منظور یا مسترد کیے جانے کیلئے اپیلیں 15 سے 17 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ ایپلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ 19 نومبر تک دے گا۔
الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 23 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے اور خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 19 دسمبر کو ہی ہو گی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل خیبر پختونخوا میں پہلے مرحلے میں 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔